حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ، ڈیفنس کراچی میں نماز جمعہ کے خطیب حجت الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ امامت دینِ اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ہے اور قرآن و سنت کی حقیقی تفسیر اہل بیت علیہم السلام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا: امام رضا علیہ السلام نے نہایت سخت حالات میں دین کی تبلیغ، علم و معرفت کے فروغ اور حق کی پاسداری کا فریضہ انجام دیا اور ظلم و جبر کے سامنے کبھی سر تسلیم خم نہیں کیا۔
علامہ شبیر میثمی نے کہا: اربعین حسینی دنیا کا عظیم ترین روحانی اور انسانی اجتماع ہے جو محبتِ امام حسین علیہ السلام اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کی عالمگیر مقبولیت کی علامت بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کروڑوں زائرین کا منظم انداز میں کربلا پہنچنا دشمنانِ اسلام کے تمام عزائم کو ناکام بنا رہا ہے۔
خطیبِ جمعہ نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ عزاداری، مجالس اور اربعین واک میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کرنے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا: عزاداری کو طاقت کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا اور حکومت کو چاہیے کہ عزاداروں کے ساتھ تعاون کرے۔
علامہ شبیر میثمی نے عزاداروں سے بھی اپیل کی کہ مجالس، جلوسوں اور سبیلوں کے دوران صفائی، نظم و ضبط اور شہری ذمہ داری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
انہوں نے خطبۂ ثانی میں ملک میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور عوام سے متاثرین کی بھرپور امداد کی اپیل کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
خطیب جمعہ نے عراق پر حملوں اور خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: امت مسلمہ کو اتحاد و بصیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور خطے میں جاری بحرانوں کے حوالے سے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے پاکستان کے معاشی اور امن و امان کے مسائل پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: ملک کی ترقی، انصاف کی فراہمی، بدامنی کے خاتمے اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
علامہ شبیر میثمی نے کراچی میں ایک بےگناہ نوجوان کے قتل کی شفاف تحقیقات اور قاتلوں کو فوری سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا: عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔









آپ کا تبصرہ